شریعت اسلامیہ میں جن عبادتوں کا حکم دیا گیا ہے، ان میں خدائے حکیم و خبیر نے بڑی حکمتیں رکھی ہیں ، اعتکاف بھی ایک عظیم عبادت ہے، جس کی عظیم حکمتیں ہیں، اعتکاف کرنے والاخود کو فرشتوں کے مشابہ بنانے کی کوشش کرتا ہے اور اللہ تعالی کا قرب حاصل کرتا ، اعتکاف میں معتکف اللہ کے تقرب کی طلب میں، اپنے آپ کو بالکلیہ اللہ تعالی کی عبادت کے سپرد کر دیتا ہے اوراپنے آپ کو اس دنیا کے مشاغل سے دور رکھتا ہے، ، اور اس میں معتکف اپنے تمام تر اوقات میں حقیقتا یا حکما نماز میں مصروف رہتا ہے؛ اعتکاف کی مشروعیت کا اصل مقصد نماز باجماعت کا انتظار کرنا ہے اور معتکف اپنے آپ کو ان فرشتوں کے مشابہ بناتا ہے، جو اللہ کے احکام کی نافرمانی نہیں کرتے ، انھیں جو کام ہوتا ہے وہی کرتے ہیں اور رات ودن اللہ کی عبادت میں مشغول رہتے ہیں. اسی طرح رمضان المبارک کے اعتکاف کا ایک مقصد شب قدر کی جستجو بھی ہے.